نیوز ڈیسک
جموں//جموں و کشمیر کے محکمہ آبپاشی کے ایک چوتھے درجے کے ملازم کو آئی پی ایس رینک کا افسر ظاہر کرنے والے ایک دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے پیر کے روز کہا کہ پنجاب کی ایک خاتون کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جسے 7-8 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا گیا ، جموں پولیس حرکت میں آگئی۔پولیس نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے بتایا کہ آئی پی ایس پروبیشنری امتحان کی خواہشمند ہونے کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر ملزم سے ملی۔پولیس نے کہا، “ملزم آئی پی ایس رینک کے افسر کے طور پر روپ دھار رہا تھا اور مدھیہ پردیش میں تعینات ڈی آئی جی رینک کے ایک سینئر آئی پی ایس افسر کے نام سے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ چلا رہا تھا۔”انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے خلاف مہم میں، جموں پولیس کی ٹیم نے تیزی سے کام کیا اور ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت راکیش کمار ساکنہ ارنیا، تحصیل بشنہ، جموں کے طور پر کی گئی ہے۔وہ جموں و کشمیر محکمہ آبپاشی میں چوتھے درجے کا ملازم ہے۔پولیس نے بتایا، ’’ملزم سے لاکھوں مالیت کی ریکوری بھی کی گئی ہے اور مزید کارروائی کے لیے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘‘