محمد تسکین
بانہال // ڈپٹی کمشنر رامبن محمد الیاس خان نے ایس ایس پی رامبن ارون گپتا، اے ڈی سی ورون سنگھ چارک اور دیگر افسران کے ہمراہ اتوار بانہال اور کھڑی تحصیلوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ دو ہفتوں سے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث لوگوں کی املاک کو پہنچے نقصانات کا جائزہ لیا اور سب ڈویژن بانہال کے علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔سب ڈویژن بانہال کے کھڑی اور بانہال میں مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رامبن الیاس خان نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ ضلع میں بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رامبن کی تمام تحصیلوں میں سرکاری افسران نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں اور ٹیموں کو متحرک رکھا گیا یے۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمینوں کے کھسکنے اور پسیوں کی وجہ سے نقصانات ہوئے ہیں اور اس کیلئے محکمہ مال سمیت متعلقہ محکمے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور تخمینہ رپورٹ تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے منقطع ہوئی ضلع رامبن کی بیشتر سڑکوں کو بحال کیا گیا اور بقیہ بند سڑکوں کی بحالی کیلئے کاروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری یے جبکہ راشن اور دیگر اشیاء وافر مقدار میں موجود ہے اور اس بارے میں لوگوں کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ رامبن سیکٹر میں قابل آمدورفت ہے اور مقامی ٹریفک چل رہا ہے تاہم ادہمپور میں شاہراہ کو بحالی کا کام جاری ہے ۔