جموں//ریاست کے سول سروسز امتحان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اُمید واروں کی حوصلہ اف زائی کا عمل جاری رکھتے ہوئے وزیر تعمیرات نعیم اختر نے کے اے ایس ٹاپر انجم بشیر خان اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی عالیہ تبسم کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ ان نوجوانوں نے ریاست کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور لگن کا ہمیشہ ثمر سامنے آجاتا ہے۔انہوں نے ان نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ترغیب حاصل کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔واضح رہے کہ انجم بشیر نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی سے کمپوٹر انجنئیرنگ حاصل کی ہے اور وہ اس وقت پونچھ کے ایک سرکاری سکول میں بحیثیت اُستاد کام کر رہے تھے جبکہ عالیہ تبسم نے جموں یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے۔