بڈگام/ /تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے چرارِ شریف میں حضرت شیخ نور الدین نورانی ؒ کی زیارت پر حاضری دی اور 12کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے ڈرنیج پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پروزیر موصوف کوبتایا گیا کہ زیارت پر کام کمار محلے سے شروع کیا جائے گااور اس پر 4.5 کروڑ روپے صرف ہوں گے ۔وزیر نے مکانات و شہر ی ترقی محکمہ کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ بڑے تالا ب کی تجدید کاری کے لئے پروجیکٹ رِپورٹ تیار کریں۔انہوںنے پی ایچ ای محکمہ کے حکام کو تالاب کے رکھ رکھائو کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کام کی نگرانی ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام بذاتی خود کریں گے۔نعیم اختر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اس تالاب کو صاف و پاک رکھنے کے لئے تمام طرح کی مٹی ، ریت وغیرہ نکلوانے کا انتظام کریں۔انہوںنے بیت الخلاء بلاک اور چاردیواری کی فوری طور تجدید کاری عمل میں لائیں ۔انہوںنے تالاب کے بیچ میں فوارے کو چالو رکھنے کی بھی ہدایت دی۔دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر کو بتایا گیا کہ دکانداروں کی باز آبادکاری کے لئے شاپنگ کمپلیکس پر تعمیری کام جاری ہے اور اسے 6ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔اس سے قبل وزیر نے زیارت کے احاطے کو صاف و شفاف رکھنا اور اسے جاذب نظر بنانے کی بھی ہدایت دی۔وزیر نے سولر پلانٹ کی مرمت اور زیارت کے احاطے میں اضافی بیت الخلاء بلاک کی تعمیر کی ہدایت دی۔دریں اثنامقامی لوگ وزیر سے ملاقی ہوئے اور اپنے درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے چرار شریف علاقے میں مختلف سڑکوں کی میکڈامائزیشن اور تعمیر کی بھی یقین دہانی دی۔وزیر نے اس موقعہ پر آنے والے عرس مبارک کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکریٹری مکانات ہردیش کمار ، کمشنر سیکریٹر ی تعمیرات عامہ سنجیوورما، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ہارون احمد ملک ، ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ اور مختلف محکموں کے کئی سینئر افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔