سرینگر//وزیر برائے تعمیراتِ عامہ نعیم اختر نے کل سرینگر کے گنپتیار علاقہ میں واقع مشہور گنیش مندر کا دورہ کر کے گنیش چتر تھی کے موقعہ پر کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد پیش کی جوآج منائی جا رہی ہے ۔ عقیدت مندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس طرح کے تہوار ہمیں جموں کشمیر کی مایہ ناز و متنوع ثقافت کی یاد دہانی کراتے ہیں ۔ یہاں تمام مذاہب کے تہوار لوگ مل کر منایا کرتے تھے ۔ کشمیر میں بود و باش رکھ رہے کشمیری پنڈتوں کی اپنی تمام روایات اور تہواروں کو زندہ رکھنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی کشمیری پنڈتوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور اُن کی ترقی و فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیر کو اس موقعہ پر تہوار اور مندر کی مایہ ناز تاریخ سے روشناس کیا گیا ۔ وزیر نے اس موقعہ پر جموں کشمیر میں امن و آشتی، تعمیر و ترقی کیلئے دعا کی ۔