سرینگر//وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر نے زیر تعمیر جہانگیر چوک ۔برزلہ فلائی اوور کا دورہ کر کے وہاں جاری کام کا جائیزہ لیا۔وزیر نے پروجیکٹ پر جاری کام کی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔انہیں بتایا گیا کہ فلائی اؤر کا قریباً ایک کلو میٹر حصہ مکمل ہوچکا ہے اور اب صرف کریش بیریر اور دیگر متعلقہ کاموں کی تکمیل باقی ہے۔متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کے اہلکاروں نے کہا کہ فی الوقت ٹریفک لائٹ پول مکمل کئے گئے حصہ پر نصب کئے جارہے ہیں۔ اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ زائد از700 کامگار دِن رات پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں لگے ہیں جس کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے دباؤ سے پیدا شدہ مسائل کافی حد تک حل ہونے میں مدد ملے گی۔وزیر نے کہا کہ امر سنگھ کالج سے رام باغ تک فلائی اؤر کا مرحلہ اول عنقریب مکمل ہوگا اور دوسرا اور حتمی مرحلہ امسال کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ وزیر نے مکمل کئے گئے فلائی اؤر کے ایک کلو میٹر کا پیدل چل کر معائنہ کیا۔وزیر نے متعلقہ ایجنسی کو فلائی اؤر کے نزدیک عمارتوں کی دیدہ ذیبی کا کام شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اؤر کے نیچے سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام بیک وقت شروع کیا جائے گا تا کہ ٹریفک کی نقل و حمل میں باقاعدگی لائی جاسکے۔وزیر نے کہا کہ مہجور نگر پُل اور ٹی آر سی میں گریڈ سیپریٹر پر کام شدو مد سے جاری ہے اور جہانگیر چوک برزلہ فلائی اؤر کی تکمیل سے سرینگر میں ٹریفک کے مسائل کافی حد تک حل ہوجائیں گے۔وزیر کے ہمراہ چیف انجنیئر تعمیرات عامہ، ڈائریکٹر ای آر اے کشمیر، ایم ڈی جے کے پی سی سی اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔