سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کل لل دید ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں جاری مختلف تعمیراتی کاموں کا جائیزہ لیا۔ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میںوزراء کو جانکاری دی گئی۔نئے بلاک کی تعمیر کے تعلق سے نعیم اختر نے افسران کو اس عمارت میں تمام جدید سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلاک کو اس انداز میں تعمیر کیا جانا چاہئے جس میں مریضوں اور ہسپتال عملہ کی تمام ضروریات پوری ہوسکیں۔انہوں نے کسی بھی عمارت کی تعمیر میںمستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزراء نے مریضوں اور اُن کے تیمارداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے علاوہ ہسپتال سے جڑے دیگر معاملات کا بھی جائیزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ کئی معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس طبی ادارے کی بہتری کے لئے سرکار کی جانب سے ہر ممکن معاونت کا یقین دلایا۔صحت و طبی تعلیم کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر پون کوتوال، جے کے پی سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر دلیپ ٹھسو اور دیگر کئی افسران وزراء کے ہمراہ تھے۔