حد سے پرے یہ اس لئے مدحت ہے آپؐ کی
ہم عاصیوں پہ کتنی ہی رحمت ہے آپؐ کی
کیا رنگ لائی دیکھئے محنت ہے آپ ؐ کی
دنیا کے گوشے گوشے میں امت ہے آپؐ کی
کوڑا جو پھینکتی رہی روزانہ آپؐ پر
اس بوڑھی کے لئے بھی عیادت ہے آپ ؐکی
مکہ کو فتح کر کے بھی بدلہ نہیں لیا
اُن دشمنوں پہ اب بھی عنایت ہے آپؐ کی
جیسے گلاب ہوتا ہے پھولوں کے درمیاں
سب انبیاء میں ایسی ہی عظمت ہے آپؐ کی
سوزن میں دھاگے پڑ گئے ظلمت کے وقت بھی
اس درجہ نور سے بھری صورت ہے آپؐ کی
مذہب کی اور ذات کی تفریق کچھ نہیں
مظلوم کے لئے ہی حمایت ہے آپؐ کی
ہرگز نہ کرنا تم قضاء اپنی نماز کو
سب مومنوں کو یہ ہی ہدایت ہے آپؐ کی
کچھ مومنوں کے سامنے مشرک نہ ٹک سکے
کیا جنگ بدر میں یہ قیادت ہے آپ ؐکی
طائف کے ظالموں کو بھی کر دیتے ہیں معاف
کیا سرورِ جہان شرافت ہے آپؐ کی
ارون شرما صاحبابادی
پٹیل نگر ،غازی آباد اُتر پردیش