آپ کا ذکر مبارک اور حکایت آپؐ کی
ہے زباں میری مگر توصیف ومدحت آپؐ کی
آپؐ دنیا کے لیے ہیں سب سے اچھے راہبر
مشعلِ راہ ہدیٰ ہے پوری سیرت آپؐ کی
آپؐ ہی ختم نبوت کے علمبردار ہیں
سارے نبیوں کا خلاصہ ہے نبوت آپؐ کی
اس کو ’’رضی اللہ عنہ‘‘ کا لقب حاصل ہوا
جس نے دیکھی حا لتِ ایماں میں صورت آپؐ کی
جب بروزِ حشر ہوگا نفسی نفسی کا سماں
پوری امت کے لیے ہوگی شفاعت آپؐ کی
آپؐ پر قربان ہوجائیں سبھی شاعر ادیب
دیکھ لیں جو آپؐ کی باتیں بلاغت آپؐ کی
دشمنوں کے سخت نرغے میں بھی گھبرائے نہیں
سارے عالم میں ہے لاثانی شجاعت آپؐ کی
دیکھنا چاہو اگر اے شمسؔ دستورِ حیات
پڑھ کے قرآں دیکھ لو سچی شریعت آپؐ کی
ڈاکٹر شمس کمال انجم
صدر شعبۂ عربی/ اردو/ اسلامک اسٹڈیز ، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری
9086180380
سب کو دنیا میں اگر آپؐ سے الفت ہوتی
پھر زمانے میں محبت ہی محبت ہوتی
نامِ احمدؐ کی جو گھر گھر میں تلاوت ہوتی
اے مسلمانو!ہماری نہ یہ حالت ہوتی
مجھ کو حاصل نہ اگر آپ کی شفقت ہوتی
اتنی جلدی مری دنیا میں نہ شہرت ہوتی
آپ نے سب کو پڑھایا ہے محبت کا سبق
آپ سے کیوں نہ زمانے کو محبت ہوتی
نعت کہنے سے مرے دل کو سکوں ملتا ہے
اب غزل کہنے کی مجھ کو نہیں حاجت ہوتی
پیروی دل سے محمدؐ کی اگر ہم کرتے
مال و دولت سے کبھی ہم کو نہ رغبت ہوتی
سیرتِ آقا کو پڑھنے میں جو رہتے مصروف
عیب جوئی کی کہاں لوگوں کو فرصت ہوتی
ہم جوانی میں خدا کی جو عبادت کرتے
تو بڑھاپے میں ہماری نہ یہ درگت ہوتی
ذہن ودل ان کی محبت سے جو ہوتے سرشار
نعت کہنے میں رضیؔ کیوں ہمیں دقت ہوتی
ڈاکٹر رضیؔ امروہوی
آباد مارکیٹ علی گڑھ
موبائل9897601669