اے خدا سیرت پہ اُن کی تبصرہ کرتے ہوئے
زندگی کٹ جائے ذکرِ مصطفےٰؐ کرتے ہوئے
دے گئے ہیں شفقتِ بے انتہا اپنی نبیؐ
ختم ہم پر دہشتِ روزِ جزا کرتے ہوئے
صبح صادق تھی قیامِ دہر کے بھی ساتھ وہ
جس پہر سرکار آئے ہیں ضیا کرتے ہوئے
اس قدر ہم سے محبت تھی کہ دنیا سے گئے
ہم گنہگاروں کا آقا تذکرہ کرتے ہوئے
التجا ہے تجھ سے مولا اس جہاں سے جاؤں میں
پیروئ نقشِ پائے مصطفےٰؐ کرتے ہوئے
حبس جب پیدا کرے گی قبر و محشر کی امس
آئیں گے سرکار دامن سے ہوا کرتے ہوئے
لے لیا نامِ نبیؐ اور مل گئی مجھ کو شفا
ہو چکا تھا تنگ ورنہ میں دوا کرتے ہوئے
کر کے رب حسنِ توجہٗ کرتا ہے فوراً قبول
لیتا ہوں اُن کا وسیلہ جب دعا کرتے ہوئے
ذکی طارق بارہ بنکوی
ایڈیٹر ہفت روزہ صدائے بسمل
سعادتگنج، بارہ بنکی، یوپی