نعت نبی ﷺ
جو ڈوبی نبی کے بیانوں میں ہیں
گلستاں کھلے ان زبانوں میں ہیں
ہمیں بھی مدینے کا دیدار ہو
کہ ہم بھی تو ان کے دِوانوں میں ہیں
فقط نعت کا ذکر کیا کے نبی
نمازوں میں ہیں اوراذانو ں میں ہیں
ہواکرتا ہے جن میں ذکرِنبی
بڑی برکتیں اُن مکانوں میں ہیں
نبی کی میرے عظمتیں دیکھیے
نشانِ قدم آسمانوں میں ہیں
نبی کے سوا کوئی اپنا نہیں
وہی تو فقط کل جہانوں میں ہیں
تجھے جو اے زاہدؔ ہیں آقاملے
وہ تو مہرباں مہربانوں میں ہیں
محمد زاہد رضابنارسی
دارالعلوم حبیبیہ رضویہ گوپی گنج,
بھدوہی،اترپردیش۔انڈیا
نعتِ محمدﷺ
سرمایٔہ حیات ہے نعتِ محمدؐ
خو شبوئے کائینات ہے ذات ِ محمدؐ
لاریب معنبر ہے فقط اُن ؐ کی ادائیں
پاکیزہ ہیں پاکیزہ تر عاداتِ محمدؐ
اعدا کیلئے خیر کی مانگی ہیں دُعائیں
اس قدر حسیں تر ہیں وہ جذباتِ محمدؐ
تکریم سے بیان بشر جن و ملائیک
کرتے رہیں گے تاابد صفاتِ محمدؐ
تابندہ دوجہا ن میں عزت سے ہوگیا
پیوستہ جس کے دل میں ہدایاتِ محمدؐ
فانوس کے خاطر بچاگھر میں نہ تیل تھا
رخصت سے قبل ایسے تھے حالاتِ محمدؐ
طُفیل شفیع
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر
موبائل نمبر؛6006081653
بالیقین کوثر بکف
محشر بداماں ہیں حضور
نورِ اوّل، نورِ آخر، نورِ رحماں ہیں حضورؐ
الغرض کونین میں مہرِ درخشاں ہیں حضورؐ
بزم حق میں بالیقین شمعٔ فروزاں ہیں حضورؐ
یعنی مطلوبِ جہاں، محبوبِ یزداں ہیں حضورؐ
شاہدِ میثاقِ اوّل جُزوِ ایماں ہیں حضورؐ
مقصدِ آیاتِ رب، تفسیرِ قرآن ہیںحضورؐ
سب نبیوںؑ کی امامت مسجدِ اقصی ٰ میں کی
ایسے عالی مرتبت، اس درجہ ذیشاں ہیں حضورؐ
شافع محشر بھی ہیں اور رحمتِ عالم بھی ہیں
یعنی کُل انسانیت کے غم کا درماں ہیں حضورؐ
آپ ہی وجۂِ وجودِ دو جہاں ہیں بالیقیں
جسمِ دو عالم میں بے شک نبضِ دوراں ہیں حضورؐ
آپ کی ذاتِ مقدس ماورائے عقل ہے
بالیقیں کوثر بکف، محشر بداماں ہیں حضورؐ
جب کہا صل علیٰ، یکسر شبِ غم ڈھل گئی
میری تسکیں ہیں مری صبحِ بہاراں ہیں حضورؐ
شرح سبحٰن الذی اسریٰ میں آثمؔ دیکھئے
اللہ اللہ قادرِ مطلق کے مہماں ہیں حضورؐ
بشیر آثمؔ
باغبان پورہ، لعل بازار، سرینگر
موبائل نمبر؛9627860787