نعت پاک
جام وحدت کا پلانے مرے سرکار آئے
ایک رب ہے یہ بتانے مرے سرکار آئے
رحمتیں سب پہ لٹانے مرے سرکار آئے
سب کو خوش حال بنانے مرے سرکار آئے
آمدِ پاک کے فیضان سے اس دنیا کو
نور و نکہت میں بسانے مرے سرکار آئے
دکھ کا مالک ہے خدا سُکھ کا بھی مالک ہے خدا
یہ سبق یارو پڑھانے مرے سرکار آئے
زندگی اپنی جو حیوان کے جیسی تھی اُسے
ڈھنگ جینے کا سکھانے مرے سرکار آئے
ایک مالک سے سبھی کام کرا کر اپنے
شرک و بدعت سے بچانے مرے سرکار آئے
بن کے الطاف کرم رحم محبت کا وجود
سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے
دیکھو تو شانِ کریمی کا یہ انداز ذکیؔ
مجھ کو فردوس دلانے مرے سرکار آئے
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج، بارہ بنکی، یوپی
نعت رسول
آئے رسول دہر میں، یوں روشنی ہوئی
ہے ماہتاب شہر میں، یوں روشنی ہوئی
جتنی ضلالتیں تھیں سبھی دور ہو گئیں
رشد وہدیٰ کی لہر میں ، یوں روشنی ہوئی
تاریخ نو تھی ماہ تھا اول ربیع کا
آئے حضور فجر میں ، یوں روشنی ہوئی
جھوٹے خدا تھے جتنے وہ سب منہ کے بل گرے
شرمندگی کی نہر میں ،یوں روشنی ہوئی
اسلام کا چراغ جلا ہر سُو ہر طرف
پھیلا اُجالا دہر میں، یوں روشنی ہوئی
انسانیت کا درس جب انساں کو مل گیا
دینِ خدا کے مہر میں ،یوں روشنی ہوئی
ندوی کی آرزوہے تمنا یہی ہے بس
راضی خدا ہو حشر میں ،یوں روشنی ہوئی
عبد السبحان ندوی ؔ
پمانتلی سٹریٹ کولکتہ
موبائل نمبر؛9831452849
رونقِ جہاں
اُستاذ تیر ے دم سے رونق جہان کی ہے
تیری بقا سےعظمت پیروجوان کی ہے
تیری ہی دستگاہ نے ہے آدمی سنوارا
انسانیت کو تُونے ہر دم دیا سہارا
تونے ہی بحروبر کے اسرار سارے کھولے
تونے ہی کہکشاں میں انسان کو اُتارا
تیری ہر ایک کوشش اونچی اڑان کی ہے
اُستاذ تیر ے دم سے رونق جہان کی ہے
علم و ادب کے مرکز تونے ہی تو سجائے
صحراؤں میں ہزاروں تونے ہی گُل کِھلاے
رازِ حیات تو نے اقوام کو بتائے
ڈُوبے ہوے سفینے ساحل سے جا لگائےچ
آقاﷺ نے تیری عظمت خودہی بیان کی ہے
اُستاذ تیر ے دم سے رونق جہان کی ہے
اﷲ نے تجھ کو بخشی ہے شان اِمتیازی
تو انبیا ء کا وارث ہندی ہے یا حجازی
ہوں کُتبِ آسمانی یا فلسفہ یُونانی
اُستاذ ہی کے ہاتھوں سب کی ہے سرفرازی
تفسیر تجھ سے باقی کون و مکان کی ہے
اُستاذ تیر ے دم سے رونق جہان کی ہے
آجا کہ پھر جہاں کو ہے انتظار تیرا
کب ختم ہوگا تُجھ بن اس دور کا اندھیرا
مہمیز دینا پھر سے انسانی کارواں کو
ہوامن وآشتی میں انسان کا بسیرا
تیر ے بنا کیا وُقعت اس خاکدان کی ہے
اُستاذ تیر ے دم سے رونق جہان کی ہے
تیری بقا سے عظمت پیرو جوان کی ہے۔
خورشید بسملؔ
تھنہ منڈى راجوری ، جموں
موبائل نمبر؛9622045323