پیامِ رسولؐ
ہر ایک درد و غم کی دواء رب کا نام ہے
اللہ کے رسولؐ کا یہ ہی پیام ہے
اللہ ہے ایک جس کا کہ ثانی کوئی نہیں
دُوجا تو عرش وفرش کا بانی کوئی نہیں
رکھتا ہے وہ نِگاہ تمہارے اعمال پر
نظرِ رضا ہے سب کے عروج و زوال پر
یہ کائینات اُس کے زیرِ اہتمام ہے
اللہ کے رسولؐ کا یہ ہی پیام ہے
بولو ہمیشہ سچ ہی کبھی جھوٹ نہ بولو
ایماں کے ترازُو پہ کبھی کم نہیں تولو
ہر ایک غم کے مارے کا دُکھ درد بٹائو
گر بُھوکا ہو پڑوسی تو مِل بانٹ کر کھائو
تنہا تمہارا کھانا بھی کھانا حرام ہے
اللہ کے رسولؐ کا یہ ہی پیام ہے
حق کی کمائی سے نیاز تُم پہ فرض ہے
یہ بھی تمہارے سر پہ خدا کاہی قرض ہے
روزہ نماز فرض ہے یہ بھی ادا کرو
بچنے کے لئے پاپ سے قرآں پڑھا کرو
قرآن ہی گُناہوں کے مُنہ میں لگام ہے
اللہ کے رسولؐ کا یہ ہی پیام ہے
ایسا کرو نہ کام کہ رونا پڑے تمہیں
دامن کا داغ اشکوں سے دھونا پڑے تمہیں
جنّت کا موقع ہاتھ سے کھونا پڑے تمہیں
اپنا جنازہ آپ ہی ڈھونا پڑے تمہیں
کرنا تمہیں جو دُوجے کو پہلے سلام ہے
اللہ کے رسولؐ کا یہ ہی پیام ہے
ہر ایک درد وغم کی دوا رب کا نام ہے
اللہ کے رسولؐ کا یہ ہی پیام ہے
سردار پنچھیؔ
جیٹھی نگر، مالیر کوٹلہ روڑ
کھنہ پنجاب
موبائل نمبر؛9417091668
نعت
دعائے قلبِ خلیل دیکھو، عطائے ربِّ جلیل دیکھو
عرب کے ظلمت کدے میں پیدا وہ نور کی سلسبیل دیکھو
کلامِ یزداں کو پڑھنے والا وہ امّیوں سے رسول نکلا
خدائے حیرت فزا نے پیدا عجیب کی ہے سبیل دیکھو
وہ زنگ خوردہ دلوں کی تطہیر کرنے والا عجب مُزکّی
قدیم بنجر میں لہلہاتے یہ باغ زارِ نخیل دیکھو
کتاب و حکمتِ سکھانے والا وہ دوجہاں کا امامِ آخر
چنا گیا ہے عرب کے مردوں سے ایک مردِ اصیل دیکھو
نویدِ روشن سنانے والا وعید سے بھی ڈرانے والا
وہ دوریوں کومٹانے والا وہ خاندانی عدیل دیکھو
وہ حسنِ و خلق و صفا کا پیکر وہ علم و حلم و سخا سراپا
کوئی بھی اس سا نہیں ملے کا حسین دیکھو جمیل دیکھو
وہ بحرِ اوصافِ بے کراں ہے وہ وجہہ تخلیقِ دوجہاں ہے
وہ آبجوؤں سے بھی رواں ہے فرات دیکھو کہ نیل دیکھو
یہ نعت گوئی کی ابتدا ہے مگر یہ زورِ بیان حامیؔ
یہی تو ممدوحِ دوجہاں کی ہے عظمتوں کی دلیل دیکھو
انجینئر تسنیم الرحمٰن حامیؔ
متعلم شعبۂ طبیعیات جامعہ کشمیر
[email protected]
موبائل نمبر؛9419466642
میرے پیارے رسول اللہؐ
تیری ہے شان اِک تنہا میرے پیارے رسول اللہؐ
تیرا مدحت سرا مولا، میرے پیارے رسول اللہؐ
ازل سے ذاتِ اطہر ہے تیری رحمٰن کو پیاری
تیری ہیں عظمتیں یکتا، میرے پیارے رسول اللہؐ
بلند ہے چار سو ہر دم زمیں اور آسمانوں میں
محاسن کا تیرے چرچا، میرے پیارے رسول اللہؐ
تیری نرمی کے جلوے دیکھ کر بے شک زمانے کے
ہوئے ہیں زیر سب اعداء، میرے پیارے رسول اللہؐ
تیری اس اُمتِ سے بے مثل کے مشتاق پیغمبرؑ
ہوئے ہیں حضرتِ عیسیٰ ؑ، میرے پیارے رسول اللہؐ
گُزر ہوگا تیرا جب حوضِ کوثر کی بہاروں کا
پلانا جام اک اپنا ، میرے پیارے رسول اللہؐ
طفیل شفیع
حیدرپورہ سرینگر
موبائل نمبر؛6006081653