وہ محبوبؐ خدا وہ نا خدائے بحر و بر آئے
امام المرسلیںؐ وہ دو جہاں کے تاجور آئے
یہاں آئے، وہاں آئے، ادھر آئے، اُدھر آئے
وہ یکسر نور تھے جس سمت بھی دیکھا نظر آئے
جہاں پر جبر تھا، ظلم و ستم تھا اور اندھیرا تھا
بشارت خیر کی لیکر وہاں خیرالبشرؐ آئے
برائے اُمتِ عاصی میرے مولاؐ میرے سرورؐ
کبھی محشر، کبھی کوثر، کبھی میزان پر آئے
عطا کی ہے انہیں کو دین کامل کی سند حق نے
یوں آنے کو تو عالم میں بہت پیغامبر آئے
شب تاریک میں پیہم بھٹکتے تھے جہاں والے
پیامِ صبح لے کر آپؐ بہ وقت سحر آئے
اسے اعجازِ شانِ رحمتہً اللعٰلمیںؐ کہییٔ
میرے آقاؐ سر عرش بریں بھی دیکھ کر آئے
میں سمجھوں قابل صد رشک اپنی زندگانی کو
زباں پر گر میرے صلِ علیٰ آٹھوں پہر آئے
ہیں اے آثمؔ گروہِ انبیاء میں اک شہِ بطحہٰؐ
شبِ معراج جو خلد بریں بھی دیکھکر آئے
پئے حسنینؑ چشمِ لطف ہوجائے اگر آقاؐ
یقیناً اوج پر پھر نیرِ آثمؔ نظر آئے
بشیرآثمؔکشمیری
باغبان پورہ لعل بازار، سرینگر
موبائل نمبر؛9829340787