سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے پارٹی کے چار سینئر لیڈران کو کل یعنی 20اگست کو میٹنگ کیلئے بلایا ہے۔فاروق نے یہ قدم حکومت کی جانب سے ہائی کورٹ میں اس بیان کے بعد اٹھایا جس میں کہا گیا کہ کوئی بھی لیڈر خانہ نظر بند نہیں ہے۔
ایک بیان میں نیشنل کانفرنس نے کہا کہ پارٹی نے میٹنگ کا فیصلہ حکومت کے اس بیان کے بعد لیا جس میں کہا گیا کہ کوئی بھی لیڈر خانہ نظر بند نہیں ہے۔فاروق نے عدالت عالیہ میں پارٹی کے کئی لیڈران کی خانہ نظر بندی کیخلاف عرضی دائر کی تھی جس کی شنوائی کے دوران حکومت نے کورٹ کو مطلع کیا کہ کوئی بھی لیڈر خانہ نظر بند نہیں ہے۔
فاروق عبد اللہ نے جن پارٹی لیڈران کو میٹنگ کیلئے بلایا ہے اُن میں علی محمد ساگر،عبد الرحیم راتھر،محمد شفیع اُوڑی اور ناصر اسلم وانی شامل ہیں۔ مذکورہ لیڈران کو بتایا گیا ہے کہ وہ جمعرات شام 5بجے فاروق کے ساتھ میٹنگ کیلئے اُن کے گھر پہنچیں۔
بیان کے مطابق پارٹی نے کورونا احتیاط کو ملحوظ رکھتے ہوئے پارٹی لیڈران کے ساتھ الگ الگ میٹنگوں کا فیصلہ کیا ہے جن کے دوران ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔