عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// درہال ملکاں کی ملہوٹ پنچایت کے متحرک نوجوان نظارت مرزا نے اپنی محنت اور عزم سے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اپنے گھر پر چپل سازی یونٹ قائم کر کے نہ صرف خود روزگار حاصل کیا بلکہ مقامی سطح پر چار بے روزگار نوجوانوں کو بھی روزگار فراہم کیا، جو کہ ایک قابلِ ستائش اور حوصلہ افزا اقدام ہے۔ نظارت مرزا کا یہ قدم محض ذاتی معاشی بہتری کے لئے نہیں تھا بلکہ ان کا مقصد دیگر نوجوانوں کو بھی خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ بے روزگار نوجوان حکومتی اسکیموں سے فائدہ اٹھا کر اس طرح کے چھوٹے کاروبار شروع کریں اور اپنے معاشی حالات کو بہتر بنائیں۔ ان کے ساتھ کام کرنے والے نوجوانوں نے بھی اس اقدام کو ایک نایاب موقع قرار دیا ہے جو انہیں مالی استحکام اور ہنر سیکھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر سماجی و سیاسی کارکن مرتضیٰ مرزا نے نظارت مرزا کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو روایتی ملازمتوں کے انتظار میں وقت ضائع کرنے کے بجائے خود روزگار کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ حکومتی اسکیموں اور اپنی محنت سے وہ نہ صرف اپنے بلکہ اپنے خاندانوں کے لئے بھی ایک بہتر مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔ نظارت مرزا کی یہ کامیابی محنت، لگن اور خود انحصاری کی اعلیٰ مثال ہے، جو دیگر نوجوانوں کے لئے مشعل راہ بن سکتی ہے۔ ان کی کہانی ثابت کرتی ہے کہ اگر عزم اور مستقل مزاجی ہو تو محدود وسائل میں بھی کامیابی کی راہ نکالی جا سکتی ہے۔