کپوارہ//ہندوارہ کے نطنوسہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا 22سالہ نوجوان گزشتہ ایک ہفتہ سے لاپتہ ہو گیا ہے تاہم ایک روز قبل لاپتہ نوجوان نے اپنے گھر والوں کو سو شل میڈیا (فیس بک ) پر اطلاع دی کہ انہو ں نے جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ادریس عاشق بٹ ولد عاشق بٹ ساکن نطنوسہ جو ایس ایس کالج سرینگر میں انجینئرنگ کر رہا تھا ،گزشتہ ہفتہ لاپتہ ہوگیا ۔لواحقین کا کہنا ہے کہ ادریس نے ایک ہفتہ قبل کہا کہ وہ بارہ مولہ اپنے ایک دوست کے گھر جارہا ہے جہا ں انہیں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنی ہے، تاہم دوسرے روز جب وہ واپس نہیں آیا تو انہو ں نے ادریس کو فون کیا لیکن اس کا فون بند تھا جس کے نتیجے میں افراد خانہ کو سخت تشویش لاحق ہوگئی ۔افراد خانہ نے پولیس چوکی درگمولہ میں ادریس کی گمشدگی کے حوالے سے ایک رپورٹ درج کی جس کے بعد پولیس نے ادریس کی تلاش شروع کی ۔ادریس کے لواحقین کے مطابق سوشل میڈیا (فیس بک) پر ادریس کی جانب سے ایک اطلاع موصول ہوئی جسمیں انہو ں نے اپنے گھر والو ں کو بتا یا کہ وہ جنگجوئوں کی صفو ں میں شامل ہوگیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ادریس نے اپنے فیس بک اکونٹ بھی تبدیل کیا ہے ۔اس حوالے جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے بتا یا کہ ادریس کے لواحقین نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ درگمولہ پولیس چوکی میں درج کرائی تاہم ابھی تک اس کے بار ے میں کوئی اتہ پتہ نہیں ہے، پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔