سرینگر /بی بی ائے کے مختلف سمسٹروں میں زیرتعلیم طلبہ و طالبات نے منگل کو نصاب کم کرنے کی مانگ کو لیکر پرتاپ پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاج میں شامل طلبہ نے بتایا کہ بیک لاگ اُمیدواروں کے امتحانات پچھلے ایک سال سے نہیں ہورہے ہیں جسکی وجہ سے انکا مستقبل دائو پر لگا ہوا ہے۔ گورنمنٹ وومنز کالج مولانا آزاد روڈ ، وومنز کالج نواکدل اور دیگر کالجوں کے بی بی ائے کورسز میں زیر تعلیم طلبہ نے بتایا کہ انہیں پڑھائی کیلئے کافی کم وقت ملا ہے۔ بشارت نامی ایک طالب علم نے بتایا کہ کشمیر یونیورسٹی نے 5ویںاور چھٹے سمسٹروں میں زیر تعلیم طلبہ کے امتحانات آئندہ دوماہ کے اندر اندر منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ طلبہ کو سمسٹر مکمل کرنے کیلئے صرف 3ماہ کا وقفہ دیا گیا ہے۔بشارت احمد نے بتایا کہ طلبہ کو دو ماہ کے اندر 10کتابیں پڑھنی ہے جو ذہین سے ذہین طالب علم کیلئے بھی مشکل ہے۔ بصیرت نامی ایک اور طالبہ نے بتایا کہ بی بی ائے میں پڑھائی کرنا مشکل ہے کیونکہ اس میںنہ امتحانات کے وقت کا پتہ رہتا ہے اور نہ ہی نصاب کا پتہ رہتا ہے۔ بصارت نے بتایا کہ فسٹ سمسٹر اتنی تاخیر سے لیا جاتا ہے کہ طلبہ کا ایک سمسٹر کے ساتھ پورا سال ضائع ہوجاتا ہے جبکہ کبھی چھ ماہ کے اندر ہی سمسٹر مکمل کرنے کا حکم جاری کیا جاتا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل طلبہ نے نصاب میں کمی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی حکام اگر جون کے ابتدائی ہفتے میں امتحان منعقد کرانا چاہتے ہیں تو انہیں 50فیصد نصاب کم کرنا ہوگا تبھی طلبہ و طالبات امتحانات میں شرکت کریںگے۔