عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//جموں وکشمیر کے نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ شراب پر پابندی کے ساتھ ساتھ نشہ آور ادویات کی خرید وفروخت پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ ہڈ کی بحالی کی خاطر ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ شراب پر پابندی تو ٹھیک بات ہے لیکن جموں وکشمیر کو اس وقت نشہ آور ادویات کا ایک بڑا چیلنج ابھر کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نشہ آور ادویات کی لت میں نوجوان مبتلا ہو رہے ہیں لہذا اس پر فوری طورپر پابندی عائد کی جانی چاہئے۔
ان کے مطابق شراب کے ساتھ ساتھ نشیلی ادویات کی خرید وفروخت پر بھی پابندی لگنی چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو اس لت سے پرے رکھا جاسکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ پولیس محکمہ لیفٹیننٹ گورنر کے پاس ہے لہذا ڈرگس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔
اسٹیٹ ہڈ کی بحالی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار نے اسمبلی سیشن کے دوران قرارداد پاس کی ہے اور اب مرکزی حکومت کو اس پر جلدازجلد فیصلہ لینا چاہئےـ
نشیلی ادویات کی خرید و فروخت پر پابندی ناگزیر :نائب وزیر اعلیٰ
