ارشاد احمد+سید اعجاز
سرینگر+ترال //نشاط باغ کے باہر اتوار کی شام ایک دھماکہ میں 3خواتین سمیت 7افراد زخمی ہوئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ شام 7بجکر 32منٹ پر نشاط باغ کے گیٹ نمبر 2 پر جب مقامی لوگ سیر و تفریح سے واپس آتے ہوئے گیٹ کے نزدیک تصاویر کھینچ رہے تھے تو اسی وقت دھماکہ ہوا، جو بظاہر کم شدت والا تھا۔ دھماکہ ہونے سے کئی افراد کو ہلکی چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر صدر اسپتال و سکمز منتقل کردیا گیا۔اسپتال میں جن افراد کو داخل کیا گیا ان میںعادل احمد بٹ ولد نصیر احمد ،نذیر احمد بابا ولد عبدالسلام،عمر میر ولد عبدالرشید میر ساکنان پانتہ چھوک سرینگر،ولایت علی ولد بشیر صوفی ساکن سعدہ کدل رعناواری،محمد طاہر خان ولد عبدالرشید ساکن چھتہ بل (آٹو ڈرائیور)،شگفتہ اختر ساکن پلوامہ،آفرین شفیع بٹ ساکن نشاط اورقرت الرشید ساکن نشاط شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ شگفتہ اختر کو زیادہ چوٹیں آئیں ہیں اور دیگر زخمیوں کے مقابلے میں وہ زیادہ زخمی ہے۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس و سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد یہاں پہنچ گئی اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ پر اسراردھماکے کے بارے میں پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ادھر55آر آر،178بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے آپریشن گروپ نے وچی زینہ پورہ میں ایک پرانا ہائیڈ اوٹ تباہ کیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ترال علاقے میں ایک طاقتور بارودی مواد بر آمد کر کے بہت بڑے حادثے کو ٹال دیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ترال کے بیگنڈ علاقے میں بارودی سرنگ نصب کرنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد شام کے وقت علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور بارودی موواد کا پتہ لگایا گیا ۔ پولیس نے کہا کہ تقریباً10سے 12کلو گرام کی بارودی سرنگ نصب کی گئی تھی تاکہ سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں بم ڈسپوزل سکارڈ طلب کیا گیا جس نے بارودی مواد کو ناکارہ بناکر ایک بڑے حادثے کو ٹالنے میں بھر وقت کامیابی حاصل کی۔
نشاط باغ کے باہر پر اسرار دھماکہ، 3خواتین سمیت 7زخمی | ترال میں 10-12کلو گرام بارودی سرنگ ناکارہ
