کپوارہ//کرناہ میں پیر کو نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کو لیکر مقامی لوگو ں نے سرکار کے تئیں ناراضگی ظاہر کرنے کے دوران مکمل ہڑتال کی جس کے نتیجے میں کارو باری سرگرمیاںٹھپ ہو کر رہ گئیں جبکہ گا ڑیو ں کی آ مد و رفت بھی جزوی طور معطل رہی ۔ہڑتال کی کال کا رڈی نیشن کمیٹی نے دی تھی جس کے نتیجے میں ٹنگڈار قصبہ اورٹیٹوال علاقہ میں مکمل ہڑتال رہی اورتجارتی سر گر میاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں ۔کرناہ کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ عرصہ دراز سے وہ ٹنل کی مانگ کررہے ہیں اور کئی بار احتجاجی مظاہرے بھی کئے لیکن ابھی بھی سرکار اس حوالہ سے غیر سنجیدہ نظر آرہی ہے ۔مقامی لوگو ں نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوکی بل کرناہ سڑک پر اب تک دلدوز حادثات میں متعددانسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور موسم سرما کے دوران پھسلن کی وجہ سے انسانی جانو ں کو خطرہ رہتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ حال میں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکز ی وزیر سے ملاقات کی لیکن اس ملا قات میں نستہ چھن گلی پر ٹنل کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔انہوں نے حکومت کومتنبہ کیا کہ اگرنستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے فوری طور اقدامات نہیں کئے گے تو وہ زور دار احتجاجی مہم چھیڑدیں گے ۔