سرینگر//نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف و باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر اوروزیرسیاحت تصدق حسین مفتی نے نستہ چھن گلی کرناہ میں برفانی تودوں کی زد میں آکر قیمتی جانوں کے زیاں پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے اس دلدوزحادثہ میں لقمہ اجل بنے افراد کے سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ حادثہ میں لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے حق میں معقول اور مناسب مالی امداد کی جائے ۔ پارٹی کے سینئر نائب چودھری محمد رمضان، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون، سینئر لیڈران میر سیف اللہ اور کفیل الرحمن نے بھی اس حادثے پر گہرے صدمے اور رنج و الم اظہار کیا اور مرحومین کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کی۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف و باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے ایس ڈی آر ایف کے تحت فی کنبہ کو چار لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا جن کے گھر کے افراد اس حادثہ میںبرفانی طوفان میں ہلاک ہوئے۔وزیر نے اس واقعہ میں زخمی ہوئے افراد کے حق میں12600 روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا۔ وزیر نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ اظہارہمدردی کی۔سیاحت کے وزیر تصدق حُسین مفتی نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے مرحومین کے لئے مغفرت کی دُعا کی۔اس دوران حریت (ع)چیئرمین میرواعظ مھمد عمر فاروق نے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔