بانڈی پورہ //وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے لائن آف کنٹرول پر گریز بانڈی پورہ میں فوج اور بی ایس ایف اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائی۔یہ دوسرا موقعہ ہے کہ نریندر مودی نے وزیر اعظم کی حیثیت سے وادی میں تعینات فوجی اہلکاروں کے ساتھ دیوالی کے روز وقت گزارا۔ ان کے ہمراہ فوج کے سربراہ جنرل بپن راوَت سمیت کئی سینئر فوجی کمانڈراور وزیر اعظم آفس کے اعلیٰ اہلکار بھی تھے ۔نریندر مودی نے فورسز اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی اور سیکورٹی فورسز کو اپنا کنبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت ہی 125کروڑ ہندوستانی خوشی اور اطمینان کے ساتھ دیوالی کا تہوار مناتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو گریز پہنچ گئے اور یہاں تعینات فوج و بی ایس ایف کیساتھ 2گھنٹے گذارے۔وزیر اعظم نے فوجی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ الگ الگ گفتگو کرکے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی اور ان میں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔انہوں نے اہلکاروں اور افسران سے خطاب بھی کیا۔اس سلسلے میں فوج کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں وزیر اعظم کو فوج اور بی ایس ایف اہلکاروں کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔نریندر مودی تلیل کے مقام پر بھی فوجی اہلکاروں کے ساتھ اسی طرح کی سرگرمیوں میں مصروف رہے اور دوپہر کے بعد فوجی سربراہ کے ہمراہ واپس نئی دلی روانہ ہوئے۔انہوں نے فوجی اہلکاروں سے مخاطب ہوکر کہا’’آپ کی وجہ سے ہی یہ ممکن ہوپاتا ہے کہ125کروڑ ہندوستانی اطمینان کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں مناتے ہیں، آپ کے خواب اور ذمہ داریاں ہم سب کی ذمہ داریاں ہیں، پورا ملک آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت فوجی اہلکاروں اور ان کے افراد خانہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی طرف خاص توجہ دے رہی ہے۔اس ان کا کہنا تھا کہ مرکزی سرکار ایک رینک ایک پنشن کی اسکیم لاگو کرنے کی طرف کام کررہی ہے۔ وزیر اعظم نے مذکورہ فوجی کیمپ کے وزیٹرس بک میں لکھا کہ’’اپنے عزیز و اقارب سے دور رہ کر وطن عزیز کی حفاظت کرنا اعلیٰ روایات اور قربانی کا عکاس ہے ، فورسز کا ہر ایک اہلکاربہادری اور اپنے آپ کو وقف کرنے کی ایک علامت ہے ، دیوالی کے موقعے پر سرحدوں پر بہادر فوجیوں کی موجودگی نہ صرف امید کی مشتعل روشن کرتی ہے بلکہ تمام بھارتیوں کو توانائی بھی بخشتی ہے، نئے بھارت کا خواب پورا کرنے کا ہمارے پاس سنہری موقعہ ہے، فوج بھی اس کا ایک حصہ ہے، سب کو دیوالی مبارک ہو ‘‘۔ اس سے قبل نریندر مودی نے سال2014میں لداخ میں واقع دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن گلیشئر پر تعینات فوجی اہلکاروں کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں بانٹی تھیں۔