عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی// نریندر مودی جمعہ کو اندرا گاندھی کو پیچھے چھوڑ کر ملک کے دوسرے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم بن گئے۔ خیال رہے کہ سب سے زیادہ عرصے تک وزیر اعظم رہنے کا ریکارڈ وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے نام ہے۔26 مئی 2014 نریندر مودی نے پہلی بار ملک کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے بعد 25 جولائی کو اپنے دور اقتدار کے 4078 دن مکمل کر لیے۔ اس سے پہلے اندرا گاندھی 24 جنوری 1966 سے 24 مارچ 1977 تک مسلسل 4077 دن وزیر اعظم رہیں۔وہیں لگاتار تین بار وزیر اعظم بننے کا ریکارڈ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے نام ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ مودی اور نہرو دونوں کی قیادت میں ان کی پارٹیوں نے لگاتار تین لوک سبھا انتخابات میں جیت کا جھنڈا لہرایا۔پنڈت جواہر لال نہرو 15 اگست 1947 سے لے کر 27 مئی 1964 کو اپنی وفات تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے اور ان کی مدت ملازمت 6130 دن تھی۔ یہی نہیں نریندر مودی ریاست اور مرکز میں حکومت کے منتخب سربراہ کے طور پر سب سے طویل مدت کار کا ریکارڈ پہلے ہی قائم کر چکے ہیں۔ نریندر مودی نے 2001 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ اور 2014 میں ملک کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا۔غور طلب ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد پیدا ہونے والے نریندر مودی سب سے زیادہ وقت تک وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے والے پہلے غیر کانگریسی لیڈر ہیں۔ نریندر مودی مرکزی حکومت میں وزیر اعظم کے طور پر دو مدت کار پوری کرنے والے واحد غیر کانگریسی رہنما ہیں۔ملک کے تمام وزرائے اعظم اور وزرائے اعلیٰ میں نریندر مودی واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ایک پارٹی کے لیڈر کے طور پر لگاتار چھ انتخابات جیتے ہیں۔ ان کی قیادت میں، بی جے پی نے 2002، 2007 اور 2012 میں گجرات اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ، پارٹی نے 2014، 2019 اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔ تاہم 2024 میں بی جے پی کو مکمل اکثریت نہیں ملی۔گلزاری لال نندا دو بار ملک کے قائم مقام وزیر اعظم بنے۔ خاص بات یہ ہے کہ دونوں بار ان کا دور اقتدار صرف 13 دن کا تھا۔ اس کے علاوہ اٹل بہاری واجپائی بھی اپنے پہلے دور حکومت میں صرف 16 دن کے لیے وزیر اعظم رہے۔ گلزاری لال نندا دو مرتبہ بھارت کے قائم مقام وزیر اعظم رہے۔ جواہر لال نہرو کی موت کے بعد 27 مئی 1964 کو پہلی بار نندا کو قائم مقام وزیر اعظم کے طور پر مقرر کیا گیا۔وہ 9 جون 1964 تک اس عہدے پر رہے، جب لال بہادر شاستری نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا۔