پونچھ//رضاکار تنظیم پونچھ پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ نے جموں کے نروال علاقے میں پولیس افسران کی جانب سے عام لوگوں کے ساتھ کی گئی زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے جنہوںنے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا۔ پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ کے بلاک منڈی رضا گنائی نے کہا کہ پولیس جسے عوام کے تحفظ کے لئے تعینات کیا جاتا ہے، اگر اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدام اٹھائے گی تو لوگ کس کے پاس شکایت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نروال پولیس کی جانب سے جموں یونیورسٹی میں زیر تعلیم 3 بے گناہ طلاب کو پیٹا گیاجس کی وہ کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔صدر پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ وسیم بخاری نے واقعہ کی شدیدالفاظ میں پولیس کی مذمت کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے ان تمام پولیس اہلکاروں کو خلاف تحقیقات کرائیںجو طلباء کی مار پیٹ میں ملوث ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر اس ضمن میں جلد کارروائی نہ کی گئی تو ان کی تنظیم بڑے پیمانے پر احتجاج کرے گی ۔