عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے نروال علاقے میں منگل کی صبح اسوقت سراسیمگی پھیل گئی ،جب یہاں سڑک کنارے ایک چھوٹی مسافر بردارانووا گاڑی میںایک نوجوان کو مردہ پایاگیا ۔ منگل کی صبح نروال جموں کے ٹرانسپورٹ نگر میں کھڑی ایک چھوٹی مسافر بردارانووا گاڑی زیرنمبر JK05M-2722میں ایک نوجوان کو مردہ حالت میں پایاگیا ۔فوری طور پرپولیس کی ایک ٹیم جائے موقعہ پرپہنچی اور پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر ضروری طبی وقانونی لوازمات کیلئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا۔بعدازاں مردہ پائے گئے نوجوان کی شناخت مدثر احمد لون ولد عبدالمجید لون ساکنہ فتح گڈھ ناروائو بارہمولہ کے بطور ہوئی ۔بتایاجاتاہے کہ مدثر نامی نوجوان پیر کے روز ٹرانسپورٹ نگر نروال میں گاڑی کی مرمت کی خاطر آیا ہوا تھا کہ منگل کی صبح اس کی لاش گاڑی سے ہی برآمد کی گئی۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر مدثر لون کی پُر اسرار حالت میں موت واقعہ ہونے کی خبر پہنچتے ہی اسکے آبائی علاقے فتح گڑھ بارہمولہ میں کہرام مچ گیا اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ بشمول رشتہ اسکے گھر جمع ہوئے ۔خاندانی ذرائع نے بتایاکہ مدثر کی میت کو آخری رسومات کیلئے گھر لانے کیلئے کچھ قریبی رشتہ دار جموںرونہ ہوگئے ہیں ۔