نئی دلی / /ویشنو دیوی شرائین بورڈ کی 60ویں میٹنگ ریاست کے گورنر اور بورڈ کے چیئرمین این این ووہر اکی صدارت میں منعقد ہوئی۔بورڈ میٹنگ میں زیر تعمیر مختلف تعمیراتی پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ککریال میں ویشنو دیوی کالج آف نرسنگ اور دیگر تعمیراتی پروجیکٹوں کے تعلق سے سکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر نئی دلی کی تفصیلی پرزنٹیشن کے بعد بورڈ نے ماسٹر پلان اور تعمیراتی نقشے کو منظور کیا ۔ نرسنگ کالج کی عمارت کو گرین ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعمیر کیا جائے گااور اس میں انتظامی اور تدریسی بلاکوں کے علاوہ انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی طالب علموں کے لئے ہوسٹل ، تدریسی عملے کے لئے رہائشی سہولیات ،اوپن ائیر تھیٹر ،شاپنگ کمپلیکس ، کیفٹیریا ،طالب علموں کے لئے تفریحی ہال اور کھیل کے میدان وغیرہ شامل ہوں گے ۔اس کمپلیکس پر تقریباً 100کرو ڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے اور اس کو اگلے تین برسوں کے دوران مرحلہ وار طریقے پر مکمل کیا جائے گا۔گورنر نے نرسنگ کالج کمپلیکس کے تعمیراتی کام کو تیز تر بنیادوں پر شروع کرکے اسے وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔سی ای او کو زیادہ سے زیادہ گرین ٹیکنالوجی کے استعمال کی واضع ہدایات دی گئیں۔سپر سپیشلٹی ہسپتال ککریال کے لئے مستقبل کی ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے بورڈ نے پی ای ٹی سی ٹی سکینر کو حاصل کرنے کو منظوری دی جس کو دسمبر 2017ءتک چالو کیا جائے گا۔ریاست میں یہ سہولیت ابھی تک کسی بھی جگہ دستیاب نہیں ہے اور اس سے سرطان کے مرض میں مبتلا مریضوں کو کافی سہولیات دستیاب رہیں گی۔