سرینگر//ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی،نیشنل فر نٹ،پیپلز پولیٹکل فرنٹ ، انجمن شرعی شیعیان ،لبریشن فرنٹ (ح) ،کشمیر تحریک خواتین ،مسلم کانفرنس، محاذ آزادی،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت، تحریک مزاحمت ،اسلامک پولٹیکل پارٹی نے پیپلز لیگ کے بانی نذیر احمد وانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا مرحوم کو ایک انقلابی مدبر قرار دیا۔شبیر احمد شاہ نے تحریک آزادی کے دیرینہ بہی خواہ ،پیوپلز لیگ اور الفتح کے بانی نزیر احمد وانی کی وفات پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی وفات سے ایک خلاء پیدا ہوگیا۔انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1976میں ہجرت کرکے نہ صرف تحریک آزادی کی آبیاری کی بلکہ مہاجرت کی زندگی میں گرانقدر خدمات انجام دیں ۔مرحوم کو خراج پیش کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مرحوم کے والد بھی مہاجرت کی زندگی میں ہی فوت ہوئے۔شبیر احمد شاہ نے ان کے بردار حاجی فاروق احمد اور ریاض احمد کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خاندان نے تحریک آزادی کے لئے نہ صرف مصائب و مشکلات کا سامنا کیا بلکہ استقامت اور عزیمت کی راہ کا انتخاب کرکے ایک عظیم مثال پیش کی ۔نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کو ایک انقلابی مدبر قرار دیا۔نذیر احمد وانی گذشتہ روز طویل علالت کے بعد غریب الوطنی کی حالت میں امریکہ میں انتقال کرگئے۔ایک پارٹی وفد کی قیادت کرتے ہوئے نعیم خان مرحوم کے گھر واقع حیدر پورہ گئے اور اُن کے سیاسی و سماجی کارناموں پر مفصل روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ستر کی دہائی میں قوم کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کی جو کوشش کی اُس نے بعد میں رنگ دکھایا یہاں تک کہ آج مرحوم نذیر احمد وانی کے مشن کو ہر کوئی کشمیری اپنا مقصد سمجھ رہا ہے۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے تحریک آزادی کشمیر کے نقیب ،الفتح کے ایک دیرینہ لیڈر اورپیپلز لیگ کے بانی چیئرمین نذیر احمد وانی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ فضل الحق قریشی نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم رواںسفر آزادی کے ابتدائی دور سے ہی اُن کے قریبی ساتھی رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حریت پسند گھرانے میں جنم لینے کی بدولت وہ پیدائشی طور حریت پسند تھے۔فضل الحق نے اس غم کے موقعہ پرمرحوم کے برادراں حاجی فاروق احمدوانی اور ریاض احمد وانی کے ساتھ ساتھ اُن کے دوسرے متعلقین و پسماندگان کیساتھ تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میںمغفرت اور پسماندگان کیلئے صبرکی دعا کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی تحریکی خدمات، عزم واستقامت اور بے پناہ جذبۂ مزاحمت کو عقیدت کا خراج نذر کیا۔ آغا حسن نے مرحوم کے جملہ پسماندگان بالخصوص مرحوم کے برادر حاجی فاروق احمد وانی اور ریاض احمد وانی سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نذیراحمد وانی پیدائشی حریت پسند تھے۔ لبریشن فرنٹ ( ح) کے چیئرمین جاوید احمد میر،کشمیر تحریک خواتین سر براہ زمردہ حبیب ، تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی ،مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے چیئرمین محمد اقبال میر ،ینگ مینز لیگ چیئر مین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار، اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے گہرے رنج کا اظہار کیا اور اُنہیںخراج عقیدت پیش کرتے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کے لئے وقف کردی ،جو ناقابل فراموش ہے۔