جموں// چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے سٹیٹ ہیلتھ سوسائٹی جے اینڈ کے نیشنل ہیلتھ مشن کو گورننگ باڈی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائیزہ لیا۔ ریاست کے طبی شعبہ¿ کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے محکمہ کے کام کاج کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ نتی آیوگ کی رپورٹ میں تین ریاستوں میں سے جموں وکشمیر ریاست کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ صحت کو مزید فعال بنانے کی کوششیں کرنی ہوں گی تا کہ ریاست کی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے ہیلتھ انٹیلی جینس اور کوریکشنل یونٹ قائم کرنے کے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں طبی محکمہ کو ملک کی دیگر ریاستوں میں قائم طبی محکموں کی جانب سے اپنائے گئے اعلیٰ ماڈلوں کو اپنانا چاہئے تا کہ مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔چیف سیکرٹری نے طبی اداروں میں بائیو میٹرک حاضری قائم کرنے پر زور دیا۔مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم نے اس موقعہ پر ریاست میں فراہم کی جارہی طبی سہولیات کی تفصیل پیش کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے ، ڈائریکٹر فیملی ویلفئیر جے اینڈ کے، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، پرنسپلز جموں/ سرینگر میڈیکل کالجز اور دیگر افسران موجود تھے۔