جموں//نیشنل کانفرنس صوبائی صدر اور نگروٹہ کے ممبر اسمبلی دیویندر سنگھ رانا نابالغوں سے جنسی زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دئیے جانے کے لئے اسمبلی میں بل لائیں گے۔ کٹھوعہ سے آئے پارٹی کارکنان کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران بچی کی آبرو ریزی کو غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے انہوں نے 8سالہ بچی کی عصمت دری اور قتل معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دئیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ انتہائی گھٹیا سیاست کر رہے ہیں ، بی جے پی اور پی ڈی پی تقسیم کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس سے جموں کشمیر انتہائی نازک دور میں داخل ہو گیا ہے ۔ کشمیر ابل رہا ہے ، جموں کشیدہ ہے تو لداخ میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ مخلوط سرکار کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے رانا نے کہا کہ انتخابات کے دوران لوگوں سے کئے ہوئے وعدے حکمران اتحاد کیلئے دردِ سر بن کر رہ گئے ہیںکیوں کہ زمینی سطح پر حکومت کی حصولیابیاں صفر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی آڑ میں صدیوں سے آپس میں مل جل کر رہ رہے لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ اس تمام صورتحال کو قطعاً ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے صوبائی صدر نے اعلان کیا کہ نیشنل کانفرنس مذہب، فرقہ اور خطہ کی بنیاد پر سیاست کرنے والوں کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے رانا نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر رہنے والے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں اور سرحدی علاقوں میں بسنے والے بدستور مسائل کا شکار ہیں۔ لوگوں کو فرقہ وارانہ یگانگت اور بھائی چارہ بنائے رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تمام جماعتیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر جموں، کشمیر اور لداخ پر مشتمل ریاست کے اس گلدستے کو ہرا بھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعتیں لوگوں میں فرقہ وارانہ منافرت کو فروغ دے کر انہیں ایک دوسرے سے دست و گریبان کرنے کی تاک میں ہیں۔ حال ہی میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کی تعیناتی کے سلسلہ میں راجوری کے مختلف خطوں میں ہونے والی ایجی ٹیشن کا ذکرکرتے ہوئے رانا نے کہا کہ سرکار مساوات کا سبق بھول چکی ہے جس کے نتیجہ میںلوگ سڑکوں پر اترنے کو مجبور ہو گئے ہیں۔