ناگہ ناڑی کے عوام پندرہ روز سے بجلی سے محروم خراب ٹرانسفارمر کی مرمت نہ کرنے پر محکمہ بجلی کو بنایا تنقید کا نشانہ

حسین محتشم

پونچھ//ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی کے حلقہ پنچایت چکھڑی بن کے ناگہ ناڑی علاقے کی وارڈ نمبر 1کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علاقے میں خراب بجلی ٹرانسفارمر کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی جانب سے علاقے میں لگایا گیا بجلی کا ٹرانسفارمر پچھلے پندرہ دنوں سے خراب پڑا ہے جو اتار کر نیچے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سےتمام ضروریات پوری کی گئی تھیں لیکن تاحال بجلی کا ٹرانسفارمر کی نہ تو مرمت کی گئی اور نہ ہی وہاں نیا ٹرانسفارمر لگایا جا رہا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو بجلی کی مسلسل کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔احتجاج میں شامل بزرگ شہری نے کہا کہ وہ لوگ عرصہ دراز سے وہاں نیا بجلی کا ٹرانسفارمر لگانے کی مانگ بھی کر رہے ہیں لیکن آج تک بجلی کا ٹرانسفارمر نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو بجلی کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماہانہ فیس ادا کرنے کے باوجود محکمہ علاقے کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور علاقے کے لیے بجلی کا ٹرانسفارمر منظور کیا جائے تاکہ لوگوں کو بجلی کے بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔