بڈگام // نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے جنگ کا ماحول پیدا کیا۔ مجاہد منزل بڈگام میںانتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’ مودی کی سربراہی والی حکومت نے 2014میں عوام سے کئے گئے وعدے پورا کرنے میں ناکام ہوئی لہٰذا ناکام حکومت کے ناکام وزیر اعظم کوباہر کا راستہ دکھانا چاہیے‘‘۔ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ مودی نے بالاکوٹ پر حملہ کیا، اور آر ایس ایس کے حواریوں نے بھارت میں جشن منایا، لیکن وہاں ایک مرغی بھی نہیں مری‘‘۔انکا مزید کہنا تھا’’ حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان نے بدلے میں بھارت کیخلاف ایک کیس درج کیا ہے جس میں بھارت سے ان درختوں کا معاوضہ طلب کیا گیا ہے جو بمباری میں تباہ ہوئے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ یہ کوئی بچگانہ کھیل نہیں کہ ہم نیوکلیائی طاقت ہیں اور کسی دوسرے ملک پر حملہ کریں، پاکستان بھی نیوکلیائی طاقت ہے اور انہوں نے ہمارے طیارے کو بھی مار گرایا‘‘۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہم پہلے دن سے کہتے آئے ہیں کہ پاکستان کیساتھ معاملات ٹھیک کئے جائیں لیکن مودی کو انتخابات میں جیت حاصل کرنے کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا تھا، اس لئے حملہ کروایا لیکن طیارہ کھو بیٹھے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جب وہ پارلیمنٹ کے آخری سیشن میں شامل ہوئے تو اراکین نے اسی وقت کہا تھا کہ پاکستان کیساتھ کچھ نہ کچھ کیا جایگا، اور وہی ہوا بھی، لیکن یہ اقدام بھی ناکام ہوا۔انہوں نے کہا کہ عوام مودی سے مہنگائی، راشن کی قیمتوں میں اضافہ اور بیروزگاری کی وضاحت چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا ’’ہم پارلیمنٹ میں جانتے ہیں کہ سرکار ملک کے اہم مسلئے حل کرنے میں ناکام ہوئی اور اب وہ ملک میں جنگ جیسی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ لوگوں کا دھیان اصل مسئلہ سے ہٹ جائے ‘‘۔وزیر اعظم مودی کی تنقید کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک میں جنگی صورتحال پیدا کرکے وہ کسانوں کی پریشانی ،قیمتوں میں اضافے اور غیر ملکی پالیسی کی ناکامیوں کو چھپا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے بے شمار مصیبتیں آتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مودی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے مشن کو آگے لے جانے میں ناکام رہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ایس آر ایس کا ایجنڈا تقسیم کرنا ہے اورہم نے دیکھا کہ ہم اپنی ریاست کے ماحول کو کس طرح برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا مگر ہم امن پسند لوگ ہیں اور ہم ان لوگوں کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بھاجپا -آر ایس ایس اور ’’ان کے چیلے چانٹوں‘‘سے خبردار کرتے ہوئے فاروق نے کہا ،’’ریاست کی شناخت اور سالمیت کی مخالف طاقتیں انتخابات روکنے کیلئے ہرممکن طورپیسے اورطاقت کاستعمال کریں گے لیکن ہمیں متحد ہوکر محاذبنانا ہے اور تندہی اور لگن سے کام کرکے نیشنل کانفرنس کے امیدوار کی ووٹوں کی بھاری تعداد سے کامیابی یقینی بنانی ہے۔تب ہی ہم سیکولراور رواداربھارت کیلئے کام کرسکتے ہیں ۔ہمارے ووٹ سے فرق پڑے گا۔