بانہال // بانہال کے کھڑی۔ منڈکباس علاقے میں زیر تعمیر ریلوے ٹنل کے باہر کھڑی – مہو منگت رابطہ سڑک پر کیچڑوں کی وجہ سے لوگوں کا پیدل چلنا دو بھر ہو گیا ہے اور بارشوں کے دوران اور بارشوں کے بعد بھی یہاں سے گذرنا دشوار گذار بن جاتا ہے۔ کھڑی۔ مہومنگت رابطہ سڑک کے دائیں بائیں ایک درجن سے زائد دیہات کو جوڑنے والی یہ سڑک کمپنی کی اجارہ داری کی وجہ سے دلدل میں تبدیل ہو گئی ہے اور ریلوے ٹنلوں کو تعمیر کرنے والی کمپنی افکان کمپنی اس عوامی مسئلے سے لاتعلق ہوکر رہ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریلوے ٹنل نمبر 74 کو تعمیر کرنے والی کمپنی افِکان کی لاپرواہی کی وجہ سے ریلوے ٹنل کے باہر سے نکلنے والی مہو سڑک سڑک دلدل میں تبدیل ہو گئی ہے اور روزانہ سینکڑوں پیدل سفر چلنے والے لوگوں اور مسافر گاڑیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کے باہر سے گذرنے والی اس سڑک پر کیچڑ کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تعمیراتی کمپنی اس حصے کو صاف رکھنے میں عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور عام لوگوں کو مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پررہا ہے۔ اس سلسلے میں کوشش کے باوجود تعمیراتی کمپنی کے کسی عہدیدار سے اس معاملے پر بات نہیں ہو سکی۔