متاثرین خاندانوں کو سہارا دینے کیلئے مستقبل میں بھی کوشاں رہنے کی یقین دہانی
سمت بھارگو
راجوری//نامور اداکار اور سماجی خدمت گار پدم شری نانا پاٹیکر نے راجوری و پونچھ کے ان 117 خاندانوں کو اپنی آنکھوں میں آنسو لئے بازآبادکاری کے چیک تقسیم کئے جو سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ اور شیلنگ سے متاثر ہوئے تھے۔ یہ مالی امداد 42 لاکھ روپے کی رقم پر مشتمل تھی جو ان کی این جی او نرمالا گجانن فاؤنڈیشن کی جانب سے بھارتی فوج کے تعاون سے آپریشن سندور کے تحت فراہم کی گئی۔راجوری آرمی گیریژن میں منعقدہ اس پر وقار تقریب کے دوران نانا پاٹیکر کی آواز لرز اٹھی جب وہ ان خاندانوں سے مخاطب ہوئے جن کے پیارے شیلنگ میں جاں بحق ہوئے یا جن کے مکانات تباہ ہوئے۔ ان کی آنکھیں نم تھیں جب وہ ان غریب اور مظلوم افراد کی داستان غم و قربانی سنتے رہے۔ انہوں نے متاثرہ دیہاتیوں کے ہاتھ تھامتے ہوئے کہاکہ ’آپ کا درد ہمارا درد ہے، پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے مکینوں کا کوئی قصور نہیں، سوائے اس کے کہ وہ سرحد پر رہتے ہیں۔ اس لئے یہ ذمہ داری ہم سب کی ہے کہ ان کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے ہوں۔ نانا پاٹیکر نے مزید اعلان کیا کہ یہ صرف پہلی قسط ہے اور مستقبل میں بھی مزید امداد فراہم کی جائے گی تاکہ ان خاندانوں کو سہارا دیا جاسکے۔تقریب میں سرحدی شیلنگ سے متاثرہ خاندانوں کے علاوہ فوجی افسران اور سول انتظامیہ کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایس آف اسپیز ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل کوشک مکھرجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ہمیشہ سرحدی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، نہ صرف ان کی حفاظت کے لئے بلکہ ان کی بازآبادکاری اور ترقی کے لئے بھی۔ انہوں نے نرمالا گجانن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مالی امداد کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی اور نفسیاتی سہارا دینا ان خاندانوں کے لئے زیادہ اہم ہے۔اس تقریب میں میجر جنرل کوشک مکھرجی جی او سی ایس آف سپیڈ ڈویژن، ڈی آئی جی بی ایس ایف راجوری-پونچھ سی ڈی ایس راوت، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما اور ایس ایس پی راجوری گورو سکروار نے بھی شرکت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔جب نانا پاٹیکر نے چیک تقسیم کرنے کے بعد اپنے آنسو پونچھے تو اس منظر نے وہاں موجود ہر ایک کو رلا دیا۔ ایک معروف اداکار کا عام دیہاتیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا اس بات کی یاد دہانی تھا کہ انسانیت سب سے بڑی طاقت ہے۔نانا پاٹیکر کی این جی او نرمالا گجانن فاؤنڈیشن ان کے والدین نرمالا اور گجانن کی یاد میں قائم کی گئی ہے جو ملک بھر میں تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ تنظیم نے جموں، کشمیر اور لداخ کے 45 آرمی گڈول اسکولز کو بھی گود لیا ہے جو ان کے بارڈر کمیونٹی سے لگاؤ اور خدمت کے جذبے کو مزید واضح کرتا ہے۔