سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے اندروالہ پل پر ایک افسوسناک حادثے میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوان اُس وقت شدید زخمی ہو گئے جب وہ ایک نامکمل پل کے سرے سے گہری کھائی میں گر گئے۔زخمی ہونے والوں میں محمد سفیر (18) ولد محمد صغیر ساکن چوہا گردان اور دلیپ کمار (16) ولد جاوید لال ساکن مدھیہ پردیش شامل ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تقریباً 95 فیصد مکمل ہونے کے باوجود اس پل کا ایک سرا نامکمل چھوڑ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ایک خطرناک کھائی کھلی پڑی ہے۔لوگوں نے بتایا کہ متعدد احتجاجوں کے باوجود متعلقہ محکمے کی تکنیکی وجوہات کی بنا پر تعمیراتی کام میں تاخیر ہو رہی ہے، جو مسافروں کی زندگیوں کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔مقامی شہریوں میں اس تاخیر پر شدید غصہ پایا جا رہا ہے اور وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ پل کی باقی ماندہ تعمیرات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نامکمل پل ایک ’موت کا پھندا‘بن چکا ہے اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مزید حادثات پیش آ سکتے ہیں۔زخمی نوجوانوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔اس حادثے نے ایک بار پھر حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کرائی ہے کہ پل کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ادھر پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔