بدھل //گورنمنٹ ڈگری کالج بدھل کی نامکمل تعمیر کے بیچ پرنسپل بلاک کاافتتاح کئے جانے پر کالج کے طلباء نے شدید برہمی کا اظہار کیاہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں کالج کی تنظیم کے صڈر زاہدمیر نے کہاکہ ایک طویل مدت کے بعد وزیر برائے امورصارفین وعوامی تقسیم کاری چوہدری ذوالفقار علی نے کالج کے پرنسپل بلاک کاافتتاح کیا ہے جبکہ اس کا بقیہ پوری طرح سے نامکمل ہے ۔میر کاکہناتھاکہ کالج کے طلباء کو کلاس روم چاہئے پرنسپل بلاک نہیں ۔ان کاکہناتھا’’کالج طلباء کیلئے بنایاگیاہے پرنسپل کیلئے نہیں‘‘۔انہوںنے کہاکہ رسم افتتاح محض ایک ڈرامہ ہے تاکہ لوگوں کو بیوقوف بنایاجاسکے ۔زاہد نے کہاکہ یہ کام اس لئے اتوار کے روز انجام دیاگیاکیونکہ وزیر اس بات سے بخوبی واقف تھے کہ طلباء خالی پرنسپل بلاک کاافتتاح کرنے کی اجازت نہیں دیںگے کیونکہ بقیہ حصہ ادھوراپڑاہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر موصوف طلباء کو کالج کے دنوں میں تو بیوقوف بنانہیں سکتے تھے اس لئے اتوار کا انتخاب کیاگیا۔زاہد کامزید کہناہے کہ وزیر موصوف نے 2015میں یہ وعدہ کیاتھاکہ مارچ 2016کاسیشن نئی عمارت میں شروع ہوگا لیکن اب ان کے پاس اس اپنے جھوٹے وعدے کا کوئی جواب نہیں اور طلباء سوال کررہے ہیں کہ عمارت کیوں نامکمل ہے ۔انہوںنے کہاکہ انہی سوالوں کے جواب سے بچنے کیلئے وزیر نے اتوار کے روز کالج کادورہ کیا ۔