محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی رات قریب گیارہ بجے بانہال بائی پاس پر کسی نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی زد میں ایک نامعلوم شخص کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی ہے ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور عدم شناخت لاش کو پہنچان کیلئے سب ضلع ہسپتال بانہال کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ بانہال پولیس سٹیشن میں ایک کیس نمبر 60/2025 زیر دفعہ 106/281/بی این ایس درج کرکے مزید تحقیقات کیلئے لاش کو تحویل میں لیا گیا ہے اور لاش کو شناخت کیلئے بانہال ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر شناخت شدہ مرد کی عمر تقریباً 62سال تھی اور بالوں اور داڑھی کا رنگ سفید ہے۔ پولیس نے اس نامعلوم مردہ شخص کو جاننے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بانہال پولیس سے رابط کرکے پہنچان میں مدد کریں ۔اس دوران بانہال والنٹیرس نامی این جی او نے مارے گئے شخص کا ایک ویڈیوشیئر کیا ہے جس میں وہ کشمیری زبان میں بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور بظاہر اس کی دماغی صحت بہتر نہیں دکھائی دیتی ہے ۔ بانہال والنٹیرس کے جنرل سکریٹری سید مدثر احمد نے ایک آڈیو پیغام میں کہا بانہال بائی پاس کے حادثے میں ہلاک ہونے والا نامعلوم شخص وادی کشمیر کا رہائشی تھا اور پچھلے کئی روز سے بانہال مارکیٹ میں گھومتے پھرتے دیکھا گیا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس معلوم شخص کے جاننے والوں تک پیغام پہنچانے کی کوشش کریں ۔