سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یوم اساتذہ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہاکہ سماج میں استاد کا مقام نہایت قابل قدر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک استاد ہی طلبہ وطالبات کو صحیح درس وتدریس دیکر قوم کے معمار بناسکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ استاد کا رول تعلیمی میدان میں ناقابل فراموش رہا ہے، خصوصاً نامساعد حالات کے بعد تعلیمی نظام کو پٹری پر لانے کیلئے اساتذہ نے جو کام کیا ہے وہ ایک تاریخ ہے۔ اُنہوں نے اساتذہ صاحبان سے اپیل کی ،کہ وہ ریاست کے زیر تعلیم طلبہ وطالبات کو علم کے نور سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ بچوں میں تہذیب وتمدن اور اچھے اخلاق کی تربیت دیکر انہیں قوم کیلئے بہترین نمونہ بنانے کی ذمہ داری بھی خوش اسلوبی سے نبھائیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایسے اساتذہ اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سلام پیش کیا جو اس پُرآشوب دور میں رضاکارانہ طور پر درگاہوں، مساجد، خانقاہوں اور اپنے گھروں میں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اہل کشمیر کو اِس بات پر فخر ہے کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے اپنا کیرئیر بحیثیت استاد شروع کیا اور انہوں نے عوامی راج کی باگ ڈور سنبھالتے ہی سب سے پہلے تعلیمی شعبے کو اہمیت دینے کیلئے کارگر اقدامات کئے۔ جب مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے ریاست کی باگ ڈور سنبھالی اُس وقت یہاں کی خواندگی شرح 6فیصد سے بھی کم تھی، جو رئیس اور امرا ہوا کرتے تھے۔