نئی دہلی // ریاستی گورنر این این ووہرا کیساتھ مرکز کی طرف سے نامزد مذاکرات کاردنیشور شرما نے ملاقات کی ہے جس میں تمام متعلقین کیساتھ بات چیت شروع کرنے کے خدو خال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔کشمیر ہاوس نئی دہلی میں دونوں کے درمیان ایک گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔میٹنگ کے اختتام پر گورنر ہاوس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے ’’گورنر نے شرما کو اس بات کی جانکاری دلائی کہ بات چیت کے حوالے سے کشمیر میں اس وقت کس قسم کی صورتحال ہے،اسکے علاوہ سیاسی پارٹیوں نے اس اقدام کے حوالے سے کیا خواہشات ہیں نیز بحثیت مجموعمی عام لوگوںکی کیا امیدیں وابستہ ہیں‘‘۔ گورنر نے شرما کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ بات چیت کا عمل شروع کرنے کیلئے انہیں جو بھی مدد درکار ہوگی انہیں دی جائے گی اور گورنر نے انہیں کامیابی حاصل کرنے کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔میٹنگ کے دوران اس بات پر غور و خوض ہوا کہ مذاکرات کے آغاز کے بارے میں کیا حدود متعین رکھیں جائیں تاکہ تمام متعلقین کیساتھ بات چیت ثمر آور ثابت ہوسکے۔یاد رہے ریاستی گورنر این این ووہرا خود بھی مرکز کے مذاکرات کار رہے ہیں اور ریاست کا گورنر نامزد ہونے سے قبل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے انہیں2000میں مذاکرات کار تعینات کیا تھا۔چند روز قبل دنیشور شرما نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کیساتھ بھی اس معاملے پر بات چیت کی ہے۔