سرینگر//مونسپل حکام کی جانب سے سرینگر کے کاٹھی دروازہ علاقے میں نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے سبب لوگوں کو عبور ومرور میں جہاں سخت دقتوں کا سامنا ہے، وہیں نالیوں سے نکلنے والا بدبھو دار پانی بھی سڑک پر جمع ہو کر لوگوں کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتوار کی صبح بیرونی کاٹھی دروازہ اور چھٹی بادشاہی گردوارے کے نزدیک پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئی نالی میں کچھ رکاوٹیں پیدا ہونے سے گندہ پانی سڑک کے بیچ میں جمع ہو گیا ہے اور کاٹھی دروازہ کامین چوک تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے ۔کاٹھی دروازے کے رہنے والے محمد رفیق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی صبح سے نالی میں کچھ رکاوٹ پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے درم شالہ چوک تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے اور یہاں سے لوگوں کا چلنا پھرنا ماحال ہوگیا ہے۔ محمد رفیق نے بتایا کہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے مذکورہ علاقے سے راہگیروں ، چھوٹی بڑی گاڑیوں کا چلنا بھی انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ کاٹھی دروازہ کے ہی رہنے والے سونو سنگھ نے بتایا کہ اتوار کو مختلف علاقوں سے لوگ گردوارے میں ماتھا ٹیکنے آتے ہیں مگر اس بار چوہرائے میں پانی جمع ہوئے کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گردوارے کی اتور کو ہر صبح صفائی کی جاتی تھی تاکہ یہاں آنے والے زائرین کو کوئی تکلیف نہ پہنچے تاہم اس بار کوئی بھی صفائی نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ہاتھی خان ، ممہ خان ، جنرل باغ اور شیخ کالونی سے آنے والا گندہ پانی بیچ چوراہے پر جمع ہوگیا ہے جس نے نہ صرف عام راہگیروں کیلئے مشکل کھڑی کی بلکہ بیماری ،بچوں اور خواتین کا گردوارے کے اندر آنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔ کاٹھی دروازہ ، درم شالہ اور متصل علاقوں کے رہنے والے لوگوں نے مونسپل حکام سے اپیل کی ہے کہ درشالہ چوک میں بار بار بند ہونے والی نالی کو ٹھیک کرانے کے اقدامات اٹھاکر لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھا ئیں۔