اگلے 24گھنٹوں میں معمولی بارشیں ہونے کا امکان
سرینگر //محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اور کل وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجہ کی بارشیں ہونے کا امکان ہے اس بیچ سوموار کو موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی جہلم اور دیگر ندی نالوں میں سطح آب میں مسلسل کمی آرہی ہے۔محکمہ فلڈ کنٹرول محکمہ کا کہنا ہے کہ اگر وادی میں دوبارہ بارشیں نہ ہوئیں توپانی کی سطح میں مزید کمی آئے گی۔وادی کشمیر میں اتوار کو اُس وقت سیلاب کا خطرہ ٹل گیا تھا جب موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں قدرے کمی دیکھی گئی جبکہ سوموار کو بھی شام تک موسم خوشگوار رہا جس کی وجہ سے جہلم کے سطح آب میں سنگم ،رام منشی باغ اور عشم میں کمی دیکھی گئی۔جہلم اور اُس کے معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں کمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اتوار شام 6بجے جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح16.20فٹ ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ رام منشی باغ میں 18.59فٹ اور عشم میں 13.16فٹ ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ویشو نالہ کھڈونی میں پانی کی سطح 4.67میٹر، نالہ رمبی آرہ میں پانی کی سطح 1.57میٹر اور نالہ لدر میں پانی کی سطح 1.21میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سوموارشام 6بجے تک جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح 9.83فٹ، رام منشی باغ میں 14.12فٹ اور عشم میں 11.50فٹ ریکارڈ کی گئی۔جہلم میں سنگم کے مقام 24 پرپچھلے گھنٹوں کے دوران7فٹ پانی کی سطح میں کمی دیکھی گئی جبکہ رام منشی باغ میں پانی کی سطح 4فٹ اورعشم میں 2فٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے حکام کے مطابق سوموار کو موسم خشک رہنے کے سبب دریائے جہلم اب رام منشی باغ ، سنگم اور عشم میں خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار او ر منگل کی درمیانی رات کو وادی میں ایک مرتبہ پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا جو منگل اور بدھ تک جاری رہے گا اور بدھ دوپہر سے موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ہے ۔