عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں نالہ مدھو متی کے کنارے سنرونی سے کلوسہ تک سڑک کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اسسٹنٹ کمشنر (مال) بانڈی پورہ نے علاقہ کادورہ کیااورسڑک کی تعمیر میں آنی والی اراضی کے مالکان سے ان کی زمین کے حصول کولیکر بات چیت کی اور محکمہ مال کے حکام کو ہدایت دی کہ اس اراضی کے حصول کیلئے کام کو تیز کیاجائے اور متاثرہ اراضی مالکان کے خدشات کو دور کیا جائے۔قابل ذکر ہے کہ ضلع بانڈی پورہ میں نالہ مدھومتی کے کنارے کو جاذب نظر بنانے کیلئے سنروانی سے لیکر کلوسہ پل تک کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ کے آر آر پلان کے تحت سڑک رابطہ تعمیر کرنے کا آغاز ہوا تھا لیکن چند زمین مالکان کی جانب سے رکاوٹ حائل ہونے کے سبب سڑک کی تعمیر التواء میں پڑگئی۔ زمین مالکان کا مطالبہ ہے کہ زیر تعمیر سڑک کی زد میں آنے والی زمین کا معاوضہ ادا کیاجائے، تب سڑک کی تعمیر ہوگی ۔یہ مسئلہ ایسے ہی التوا میں پڑا رہا ۔ اب مدت گزرنے کے بعد ممبراسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ نے دورہ کرتے ہوئے معاملہ ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کی نوٹس میں لایا۔ ضلع انتظامیہ نے متنازعہ سڑک کا جایزہ لینے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر شبیراحمدوانی کو نامزد کیا۔ بالآخر نالہ مدھومتی کے ساتھ متنازعہ روڈ سائٹ پر اے سی آر بانڈی پورہ کے ہمراہ، محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے کل اس مقام کا دورہ کیا، جبکہ ایم ایل اے بانڈی پورہ دفتر کی نمائندگی کرنے والی ایک ٹیم بھی موجود تھی۔ جائزہ لینے کے دوران حکام زمینداروں اور سول سوسائٹی کے ممبروں کے ساتھ سڑک کی تعمیر میں تاخیر کرنے والے زمین سے متعلقہ امور کو حل کرنے کی کوشش میں بات چیت میں مصروف ہیں۔ اٹھائے گئے خدشات کے جواب میں ، اے سی آر بانڈی پورہ نے متنازعہ اراضی کی حد بندی کو جلد از جلد انجام دینے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔ تاکہ اہم سڑک کی تعمیر میں حائل روکاوٹیں دور ہوسکیں ۔ایک بار مکمل ہونے کے بعد ، توقع ہے کہ مقامی لوگوں اور سیاحوں کیلئے سڑک رابطے میں نمایاں طور پر بہتری آئے گی ، جس سے مدھومتی نالے کی قدرتی خوبصورتی تک آسان رسائی فراہم ہو گی اور علاقائی سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔