گاندربل//ضلع انتظامیہ اور محکمہ جیالوجی اینڈ مائننگ نے کے تحت نالہ سندھ سے ریت، باجری اور دیگر تعمیراتی مواد نکالنے کے لئے 10 مئی 2018 کو پانچ سال کے لئے لیز پر دینے کے لیے ٹینڈر کا عمل مکمل کیا،جس کے خلاف سینکڑوں افراد نے اہل خانہ سمیت گنگر ہامہ میں احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین نے بتایا”گزشتہ ہفتے منی سیکریٹریٹ میں محکمہ جیالوجی اینڈ مائننگ نے 6بلاکوں کیلئے پانچ سال کیلئے نالہ سندھ سے ریت اورباجری نکالنے کے لئے بولی کا عمل مکمل کیا جس میں کم سے کم بولی 8لاکھ 50 ہزار ایک بلاک برم سر نالہ کو ہوئی جبکہ آرڑ بلاک کو 2کروڑ 40 لاکھ روپے کی بولی لگائی گئی “۔انہوں نے کہا کہ مزدور طبقے کے ساتھ سراسر زیادتی ہوئی کیونکہ محکمہ نے آرڑ بلاک کی بولی 2 کروڑ 40 لاکھ روپے لگائی کیونکہ اس بلاک میں 200 سے زائد مزدور محنت کرکے روزی روٹی کماتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرڈر بلاک 190 کنال پر مشتمل ہے جبکہ باقی بلاک 200 کنال سے زیادہ ہیں ۔مظاہرین کے بقول وہ اس ناانصافی کے خلاف اہل خانہ اور بچوں سمیت احتجاج کرنے کیلئے مجبورہوگئے۔اس موقع پر ڈی ایس پی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پُرامن طور منتشر ہوئے ۔اس معاملے پر ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے کہا ”مجھے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مزدورطبقے کے حقوق پر شب خون مارا گیا ہے“۔