محمد تسکین
بانہال// بانہال کے رتن باس علاقے میں نالہ بشلڑی میں غیر قانونی ریت نکاسی کے سبب بننے والی گہرے پانی سے بھری کھڈے میں ایک 17سالہ لڑکا پیر کے روز ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا ۔ مرحوم کی شناخت اصغر علی گوجر ولد اشرف بنت ساکنہ رتن باس بانہال کے طور کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کی دوپہر بعد اصغر علی بنت افراد ایک اور لڑکے کے نالہ بشلڑی میں نہانے گئے ہوئے تھے کہ اصغر اچانک پھسل کر اس کھائی میں گر گیا ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکار بچاؤ کاروائیوں کیلئے دوڑ پڑے مگر تب تک یہ نوجوان لقمہ اجل بن چکا تھا اور بچاؤ کاروائیوں میں شامل ٹیموں نے اصغر علی کی لاش کو اس گہرے کھڈے سے برآمد کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ریت مافیا کی سرگرمیوں کے باعث وہاں بنے ایک گہرے پانی کے کھڈے میں یہ نوجوان گر کر ڈوب گیا ۔ انہوں نے کہا نے الزام لگایا کہ ریت مافیا اس واقع میں ملوث ہے اور وہ اس حادثے کے قصورواروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریت مافیا نے بشلڑی ندی سے ریت کی غیر قانونی نکاسی کی ہے اور خطرناک گڑھے چھوڑ دیئے اور ان گہرے کھڈوں کو یوں چھوڑ دیا گیا ہے اور انہیں بھرا نہیں گیا ہے ۔ جس سے بچوں کیلئے شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے گوجر لیڈر دانش اقبال چودھری نے کہا کہ وہ اس ریت مافیا کے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے اور نوگام سے چملواس تک ایسے غیر قانونی مافیا کے لوگوں کو دھر دبوچ کر پولیس کے حوالے کیا جائے گا ۔ انہوں نے لوگوں سے رات کے اندھیرے میں کام کرنے والے اس مافیاکے خلاف تعاون کی اپیل کی ۔