نالج انشیٹو ورکنگ گروپ میٹنگ

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
سرینگر//  وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے جموں و کشمیر میں نالج انشیٹو کو چالو کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کیلئے تشکیل دئیے گئے ورکنگ گروپ کی تیسری میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے بھی شمولیت کی ۔ میٹنگ میں آسٹریلیا سے آئے ماہرین تعلیم کا وفد بھی موجود تھا ۔ وفد میں نئی دہلی میں آسٹریلین ہائی کمیشن میں تعینات تعلیمی کونسلر ڈاکٹر امندھا ڈے ، آسٹریلیان انڈیا انسٹی چیوٹ آسٹریلیا کے چئیر مین مسٹر رابرٹ جانسن ، آسٹریلیا انڈیا انسٹی چیوٹ ، دہلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ، مسٹر ونود نرچندانی ، میلبون یونیورسٹی آسٹریلیا کے چیف فائنانس آفیسر مسٹر ایلن تیت اور گُڈ وِل ایکسچینج کے ڈائریکٹر گوری ارورہ شامل تھے ۔ اس موقعہ پر آسٹریلیا کے وفد نے میٹنگ کو آسٹریلیا کے تعلیمی ماڈل کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے جموں کشمیر میں تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی ۔الطاف بخاری نے کہا کہ اس میٹنگ کے انعقاد کا مقصد ریاست جموں و کشمیر میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے ماہرینِ تعلیم سے تجاویز حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ریاست میں تعلیمی شعبے میں بہتری لانے کیلئے سنجیدہ ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے اپنا بھر پور تعاون دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں تعلیمی شعبے میں اصلاحات لانے کیلئے ماہرین تعلیم کو حکومت کی رہنمائی کرنی ہو گی ۔ اس موقعہ پر مختلف ماہرین تعلیم نے ریاست کے تعلیمی نظام میں بدلاؤ لانے کیلئے کئی تجاویز پیش کیں ۔ انہوں نے ترقیِ ہُنر کو مستحکم بنانے اور جدید نصاب پر مبنی روز گار موافق مضامین متعارف کرنے پر زور دیا ۔ ماہرین تعلیم نے جموں کشمیر میں یونیورسٹیوں میں تحقیقی پروگراموں کیلئے معقول رقومات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کالجوں میں بیچلرز ڈگری میں انٹر پرنیور شپ کو ایک مضمون کے طور پر متعارف کرنے کی بھی تجویز پیش کی ۔ تحاصیل اور دیہات میں ماڈل سکولوں کے قیام اور نصاب کی باقاعدہ طور توسیع کی بھی تجاویز دورانِ میٹنگ پیش کی گئیں ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ( کوارڈینیشن ) /ریذیڈنٹ کمیشن جے اینڈ کے گورنمنٹ نئی دہلی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ، کشمیر ، جموں، آئی یو ایس ٹی ، ڈی جی ایس بی ، سنٹرل یونیورسٹیوں کے وایس چانسلر ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم ، آئی آئی ایم جموں ، این آئی ٹی سرینگر اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے افسران موجود تھے ۔  واضح رہے ورکنگ گروپ 9 جون 2017 کو ہُنر ، درس و تدریس ، تحقیق پر ایک ویژن ڈاکیومنٹ تیار کرنے کے مقصد سے تشکیل دیا گیا ہے ۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *