سرینگر //ناقص ڈرنیج نظام شہر سرینگر کی آبادی کیلئے وبال جان بن چکا ہے اور معمولی بارش سے بھی شہر کی سڑکیں اور گلی کوچے گندھے پانی سے بھر جاتے ہیں اور یہ مسئلہ دن بہ دن سنگین رخ اختیار کر رہا ہے اور سرکار اس جانب دھیان دینے کے بجائے زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہی ہے ۔شہر کے اکثر علاقوں میں اس وقت ڈرینج سسٹم کا کوئی بھی نظام موجود نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ گندے پانی کی نکاسی نہیں ہو رہی ہے ۔پچھلے تین دونوں سے شہر میں وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی ہیں لیکن معمولی بارشوں کے ساتھ ہی سڑکیں پانی میں ڈوب جاتی ہیں جبکہ کئی بستیوں اور کوچوں میں پانی جمع ہوجاتا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات پیش آتی ہیں اورایک وسیع آ بادی گھروں میں ہی محصو ر ہو کر رہ جاتی ہے ۔یہ صورتحال نہ صرف اُن نئی کالونیوں میں دیکھنے کو مل رہی ہے جہاں پانی کی نکاسی کیلئے کوئی ڈرنیج سسٹم نہیں ہے بلکہ اکثر علاقوں میں 2014کے تباہ کن سیلاب کے بعد ایسی صوتحال پیدا ہوئی ہے ۔جہانگر چوک ،سرائے بالا، بٹہ مالو،مہجور نگر،نٹی پورہ، چھانپورہ ، کرسو راجباغ ،بمنہ ، نٹی پورہ، حیدرپورہ ، صنعت نگر ،راولپورہ ، ون بل ، رنگیریٹ ، قمرواڑی ، ایچ ایم ٹی ، رامباغ کے علاوہ بابہ ڈیمپ،بہوری کدل، چھتہ بل اورعیدگاہ میںسڑکوں اورخاص کر گلی کوچوں میں ابتر ڈرنیج نظام کے نتیجے میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا پیدل چلنا نا ممکن بن جاتا ہے ۔لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں محکمہ ناکام ثابت ہو چکا ہے جس کی وجہ سے لوگ انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔