عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے اتوار کو ضلع اننت ناگ کے مختلف دھان کے کھیتوں کا دورہ کیا اور علاقے میں زرعی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے کسانوں سے اِستفساری گفتگو کرتے ہوئے فصل کاشت کے کاموں کے دوران کمیونٹی کو ہر ممکن تکنیکی رہنمائی فراہم کرنے کے محکمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ناظم زراعت نے کسانوں کو فصلوں کی کاشت میں تنوع لانے پر زور دیا اور ان سے کہا کہ وہ علاقے میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے محکمہ کی جانب سے نافذ کردہ مختلف سکیموں اورپروگراموں سے فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے علاقے میں دھان ، سبزیوں اور دیگر زرعی فصلوں کی صورتحال پر اَطمینان کا اِظہار کیا۔چودھری محمد اقبال نے متعلقہ اَفسروں پر زور دیا کہ وہ کاشت کاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کام کریں تاکہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے مختلف منصوبوں کے تحت مذکورہ اہداف کو پورا کیا جاسکے ۔ اُنہوں نے کاشت کاروں سے کہا کہ وہ ایک ٹیم اور محکمہ زراعت کے ساتھ کام کریں تاکہ وہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کے کامیاب اور مؤثر عمل آوری کے لئے کام کریں۔بعد میں ناظم زراعت نے رانی پورہ اننت ناگ میں غذائی اَناج ( باجرا) کے مشقوں کا معائینہ کیا اور متعلقہ اَفراد پر زور دیا کہ وہ مختلف زرعی فصلوں کے لئے اِس طرح کے مزید مشقیںکریں۔