عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ناظم زراعت چودھری محمداقبال نے جمعہ کو پانپور کے زعفرانی علاقوں کا دورہ کرکے فصل کاجائزہ کیا ۔انہوں نے مختلف زعرفان زاروں کامعائنہ کرکے کاشت کاروں سے ان کی آراء حاصل کی ۔اس موقعہ پرناظم زراعت نے زعفران زاروں میں محکمہ کی طرف سے آبپاشی سہولیات کومضبوط بنانے کواجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش اللہ کی طرف سے ایک نعمت تھی جس نے زعفران زاروں میں نئی روح پھونک دی۔ناظم زراعت نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ علاقہ میں بورویل سہولیات کاشت کاروں کو مہیا ہولیکن حالیہ بارش نے محکمہ کی کوششوں کومزیدتقویت دی ہے۔ناظم زراعت نے محکمہ زعفران زاروں کو مزید اراضی تک وسعت دینے کیلئے کام کررہا ہے اور اس میں کسان صلاح کار بورڈ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے350نرسریوں کی نشاندہی کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بیج ،زیادہ سے زیادہ کاشت کاروں کو مہیا کئے جاسکیں۔ ناظم زراعت نے کہا کہ مجموعی طور کاشت کاروں نے زعفران کی کاشت کیلئے جدیدطریقوں کو اپنا یا ہے۔ناظم زراعت نے کہا کہ جی آئی ٹیگ کی حصولی کے بعدزعفران کی کاشت میں اضافہ کے امکانات وسیع ہوئے ہیں اور اس سے کسانوں کی سماجی اوراقتصادی حالت میں انقلاب آئے گا۔