عظمیٰ نیوزسروس
ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے پیر کو تاپرکریری میں سیڈملٹی پلیکیشن فارم کا دورہ کرکے وہاں فصل کٹائی کے کام کاج کاجائزہ لیا۔دورے کے دوران ناظم زراعت نے مختلف بلاکوں اور پالی ہائوسز کامعائنہ کیا اور ماہرین اور افسروں سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر ناظم زراعت نے فارم کی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا۔انہوں نے خطے کے کسانوں کیلئے محکمہ کی طرف سے بروقت سبزیوں کے معیاری بیج اورمختلف فصلوں کی پنیری وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کے عزم کااظہارکیا۔
انہوں نے فارم میں مختلف زرعی فصلوں جوکم وقت میں زیادہ پیداوار دیتے ہیں، کے نئے اقسام متعارف کرانے جس سے کہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہو، کی اہمیت کوبھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے فارم تبدیلی کے مرحلے سے گزررہے ہیں۔اس موقعہ پرناظم زراعت نے کچھ نئی اختراعات پر بھی فارم کے تیکنیکی ماہرین اورافسروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ناظم زراعت نے افسروں پرزوردیا کہ وہ فصلوں کی کاشت کے دوران نئی تیکنالوجی کو اپنائیں تاکہ اس کو کسانوں تک جامع اندازمیں منتقل کیاجائے۔اس سے قبل فارم کے منیجر چرن گردیو سنگھ نے مختلف کٹائی آپریشنزکے بارے میں مفصل جانکاری دی۔انہوں نے ناظم زراعت کو فصلوں کی کاشت کے دوران اپنائی گئی نئی تیکنالوجی سے بھی باخبر کیا۔تیکنیکی افسر نے بھی آنے والے سیزن میں مختلف فصلوں کی کاشت کے بارے میں کئی خیالات پیش کئے ۔انہوں نے ناظم کو سبزیوںکی کاشت کے بارے میں نئے پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔