محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں منگل کے روز بھی مطلع مجموعی طور ابرآلود رہا اور ہلکی ہلکی بارشیں بھی ہوتی رہیں۔ بارشوں کا مرکز گول سنگلدان اور ضلع رام بن کے اوپری علاقے تھے اور نچلے علاقوں میں دوپہر تک وقفے وقفے سے بارشوں کی ہلکی فوار ہوتی رہی ۔ موسی بدلاؤ کی وجہ سے گرمی کا زور کسی حد تک ٹوٹ گیا اور ضلع رام بن کے علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔اس دوران ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال ۔ بانہال سیکٹر میں رک رک کر ہوئی ہلکی بارشوں کے باوجود شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کا دوطرفہ اور مال گاڑیوں کا ایک طرفہ ٹریفک بلا خلل چل رہا ہے اور نگروٹہ ۔ ادہم پور اور قاضی گنڈ سے مسافر گاڑیوں کو وقت مقررہ کے مطابق چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منگل کے روز جموں سے پہلگام اور بالتل کے راستے امرناتھ گھپا کے درشن کیلئے جا رہے 3536یاتریوں نے 153گاڑیوں میں شاہراہ کا سفر کیا جبکہ درشن کے بعد پہلگام اور بالتل کے راستے واپس آنے والے 5478امرناتھ یاتریوں نے 163گاڑیوں کے ذریعے جموں کا سفر کیا۔